ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے ایک مندر سے گوشت کی تھیلی برآمد؛ مقامی لوگوں میں ناراضگی؛ شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

بھٹکل کے ایک مندر سے گوشت کی تھیلی برآمد؛ مقامی لوگوں میں ناراضگی؛ شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

Sun, 17 Jul 2016 18:28:23  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل17جولائی (ایس او نیوز) یہاں کوگتی نگر میں واقع ایک چھوٹے سے مندر کے باہری حصہ میں گوشت کی ایک تھیلی برآمد ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پولس سے مطالبہ کیا کہ بھٹکل کے پُرامن ماحول کو پراگندہ کرنے کی کوشش کرنے والے عناصروں کو فوری گرفتار کیاجائے اور اُن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

آج اتوار صبح کوگتی کے "ناگ بنا" میں جیسے ہی کرشنا گونڈا نامی شخص ہاتھ جوڑنے پہنچا، وہاں ایک بند تھیلی دیکھ کر متحیر رہ گیا، قریب جاکر تھیلی کو غور سے دیکھا تو پتہ چلا کہ پلاسٹک کی تھیلی میں گوشت بھرا ہوا ہے۔ اس نے فوری دیگر لوگوں کو واقعے کی خبر کی اور پل بھر میں کافی لوگ جمع ہوگئے، خبر ملتے ہی بھٹکل پی ایس آئی ریوتی اپنے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی اور تھیلی کو اپنے ساتھ لے گئی۔

واقعے کی جانکاری ملتے ہی بی جے پی اور سنگھ پریوار کے لیڈران موقع پر پہنچے اور سخت ناراضگی ظاہر کی۔ بھٹکل ڈی وائی ایس پی ڈاکٹر انوپ کمار شٹی بھی خبر ملتے ہی متعلقہ مندر پہنچے اورحالات کا جائزہ لیتے ہوئے لیڈران سے گفتگو کی۔ انہوں نے لیڈران کو یقین دلایا کہ وہ معاملے کی جانچ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کریں گے۔

سنگھ پریوار کے لیڈران کا پولس تھانہ میں گھیرائو: بھٹکل کے مندروں کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے سنگھ پریوار کے لیڈران نے کوگتی کے ناگ بنا مندر سے ٹائون پولس تھانہ تک ریلی نکالی اور پولس اسٹیشن پہنچ کر ڈی وائی ایس پی ڈاکٹر انوپ کمار شٹی کو شکایت نامہ پیش کیا۔

پولس کو دی گئی شکایت میں کوگتی نگر کے ہونیّا سنّو گونڈا نے واقعے کے تعلق سے پولس کو جانکاری دیتے ہوئے تحریری شکایت کی ہے کہ وہ ناگ جٹکا اور چوڑی دیوستھان کا پجاری ہے اور اس مندر سے صبح 6:30 بجے گائے کا گوشت برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے شکایت میں کہا ہے کہ گائے کا گوشت مندر کے اندر پائے جانے سے مندر کی بے حرمتی ہوئی ہے۔

بی جے پی لیڈروں نے کیا ڈی وائی ایس پی کا گھیرائو: ڈی وائی ایس پی ڈاکٹر انوپ کمار شٹی کو تحریری طور پر شکایت دیتے ہوئے کرشنا نائک اور سنیل نائک نے الزام لگایا کہ بھٹکل میں کئی ایک مندروں کی بے حرمتی کی جارہی ہے، ایک کے بعد ایک مندر میں گوشت کا گوشت، گائے کی ہڈیاں، اسی طرح چند مندروں میں بھگوان کی مورتیوں کی توڑپھوڑ وغیرہ بھی کی جاچکی ہے مگر پولس ابھی تک شرپسندوں کو گرفتار نہیں کررہی ہے، انہوں نےبتایا کہ پولس کی جانب سے کسی بھی طرح کی کاروائیاں نہ ہونے کے نتیجے میں شرپسندوں کو حوصلےبلند ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولس اچھی طرح جانتی ہے کہ اس طرح کی غلط حرکتیں کون کررہے ہیں اور کون بھٹکل کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر جانتے بوجھتے ہوئے بھی پولس شرپسندوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر پولس اسی طرح خاموش رہی اور فوری شرپسندوں کو گرفتار نہیں کیا تو ضلع کے لیڈران کو بھٹکل مدعو کرتے ہوئے بھٹکل میں بہت بڑا احتجاج کریں گے اور بھٹکل بند کی آواز دیں گے۔

تنظیم کا مطالبہ: بھٹکل کے مختلف مندروں میں ہورہی مختلف بے حرمتی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے بھٹکل کے قومی سماجی ادارے مجلس اصلاح وتنظیم نے سخت مذمت کی ہے اور اس طرح کے واقعات کو بھٹکل کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش قرار دی ہے۔ تنظیم جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے واقعے کے فوری بعد اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر آڑ وی دیش پانڈے سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ پولس کو سخت ہدایت جاری کرے کہ اس طرح کی مذموم حرکت کرنے والوں کو فوری گرفتار کرے اور اُن کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔ 

ایس پی اور ڈی سی کی بھٹکل آمد: بھٹکل میں پھر ایک مندر میں گوشت کی تھیلی برآمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی کاروا ر سے ضلع کے ایس پی اونشی کرشنا اور ڈ پٹی کمشنر نکھول ایس بھٹکل پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی وائی ایس پی پرمود رائو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

 


Share: